چٹاگانگ ٹیسٹ:بنگلہ دیشی بیٹنگ لڑکھڑاکرسنبھل گئی،قومی باؤلنگ کا امتحان شروع

چٹاگانگ ٹیسٹ:بنگلہ دیشی بیٹنگ لڑکھڑاکرسنبھل گئی،قومی باؤلنگ کا امتحان شروع

بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں49رنز کے مجموعی سکور پر4وکٹیں گرنے کے بعد 253رنز بنا لئے ،لٹن داس 113 اور مشفق 82رنز بنا کر ناقابل شکست پاکستان کی جانب سے شاہین ،حسن ،فہیم اشرف اور ساجد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،پہلے روز خراب روشنی کے باعث کھیل پانچ اوور قبل روک دیا گیا

چٹاگانگ(سپورٹس ڈیسک)چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلا دیشی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا کر سنبھل گئی۔ بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں مشفق الرحیم اور لٹن داس کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت4وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز سکور کر لئے ۔لٹن داس 113 اور مشفق الرحیم 82 رنز بنا کر ناقابل شکست ہیں،49رنز کے مجموعی سکور پر4وکٹیں گرنے کے بعد پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک میزبان ٹیم نے 4وکٹوں کے نقصان پر 253رنز بنائے ۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی،حسن علی،فہیم اشرف اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔گزشتہ روز چٹاگانگ میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور بنگلہ دیش کے یاسر علی نے ٹیسٹ ڈیبیوکیا۔پاکستانی پیس اٹیک نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اورمیزبان ٹیم کو 19کے مجموعی سکور پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا اور سیف حسن 14رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے ۔دوسرے اوپنر شادمان اسلام کی اننگز 33کے مجموعے پر اختتام کو پہنچی اور وہ 14کے انفرادی سکور پر حسن علی کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو آؤٹ ہوئے ۔کپتان مومن الحق بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 6رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ، جبکہ نجم الحسین شانتو 14رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ نئے آنیوالے بلے باز مشفق الرحیم اور لٹن داس نے ٹیم کو سنبھالا دیا ،دونوں بلے باز وں نے جم کر پاکستانی باؤلر ز کا مقابلہ کیا اور5ویں وکٹ کیلئے 204رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور253رنز تک پہنچا دیا۔لٹن داس نے 225گیندوں پر 113رنز بنائے اور اپنی پہلی سنچری سکور کی جبکہ مشفق الرحیم نے 190گیندوں پر 82رنز سکور کئے ۔پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بنگلا دیش نے 4وکٹوں کے نقصان پر253رنز سکور کر لئے ہیں جبکہ دونوں بلے باز ابھی وکٹ پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی،حسن علی،فہیم اشرف اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے پہلے روز خراب روشنی کی وجہ سے کھیل پانچ اوور قبل روک دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں