چٹا گانگ ٹیسٹ: قومی اوپنرز کا بہتر پرفارم، مڈل آرڈر ناکام، باؤلنگ پر انحصار بڑھ گیا

چٹا گانگ ٹیسٹ: قومی اوپنرز کا بہتر پرفارم، مڈل آرڈر ناکام، باؤلنگ پر انحصار بڑھ گیا

عابد علی133،عبداللہ شفیق53 اور فہیم اشرف38رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، بنگلا دیش کے تیج الاسلام نے 7پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں 4وکٹوں پر 39رنز بنا لئے ، مجموعی برتری 83رنز ہو گئی، شاہین کی3،حسن علی کی ایک وکٹ

چٹاگانگ(سپورٹس ڈیسک)چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن کا مڈل آرڈر بری طرح ناکا م ہو گیا اور پاکستانی ٹیم تیج الاسلام کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث پہلی اننگز میں286رنز پر ڈھیر ہو گئی۔پاکستان کی جانب سے عابد علی133،عبداللہ شفیق53 اور فہیم اشرف38رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے جبکہ بنگلا دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 7پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو بنگلا دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 4وکٹوں پر 39رنز بنا لئے تھے ، مشفق الرحیم 12اور یاسر علی 8رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی جانب سے 3وکٹیں شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی کو حسن علی نے شکار بنایا۔ بنگلا دیش کی مجموعی برتری 83رنز ہو چکی ہے جبکہ اسکی ابھی6وکٹیں باقی ہیں۔گزشتہ روز چٹاگانگ کے ظہور احمد سٹیڈیم میں جاری پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روزپاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 145رنز سے کھیل شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں اس کی 2 وکٹیں گر گئیں، دوسرے دن کے اختتام پر 52رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے عبداللہ شفیق تیسرے روز بغیر کوئی سکور بنائے ہی تیج الاسلام کا شکار ہوگئے ، اگلی ہی بال پر اظہر علی بھی تیج الاسلام کا شکار بنے اور بغیر کھاتا کھولے ہی واپس لوٹ گئے ، پاکستانی کپتان بابر اعظم صرف 10رنز بناسکے ، انہیں مہدی حسن نے بولڈ کیا، فواد عالم بھی صرف 8رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور انہیں بھی تیج الاسلام نے آؤٹ کیا۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی صرف 5رنز بناکر عبادت حسین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے ، پاکستان کی جانب سے عابدعلی نے شاندار 133رنز بنائے ، اور تیج الاسلام کے شکار بنے ، فہیم اشرف نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 38رنز بنائے اور وہ بھی تیج الاسلام کی وکٹ میں اضافہ کرگئے ۔بنگلا دیشی بلے باز دوسری اننگز میں بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہوئے اور ابتدائی 4بیٹر صرف 25رنز پر پویلین لوٹ گئے ۔تیسرے روز کھیل ختم ہوا تو بنگلا دیش نے 4وکٹوں پر 39رنز بنا لیے تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں