جونیئر ہاکی ورلڈ کپ:پاکستان ٹرافی کی دوڑ سے باہر

 جونیئر ہاکی ورلڈ کپ:پاکستان ٹرافی کی دوڑ سے باہر

ارجنٹائن نے 4-3سے ہراکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جرمنی ہالینڈ ، اسپین بھی سرخرو

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) ارجنٹائن کیخلاف چار، تین سے شکست کے بعد پاکستان جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔بھارتی شہر بھوبانیشور سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آٹھ سال بعد میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم نے ارجنٹائن سے سخت مقابلہ کیا ۔ کھیل کے 10ویں منٹ میں فاتح ٹیم کے بیٹسٹا کپورو نے گیند کو جال میں پہنچا کرایک، صفر کی برتری حاصل کی جو کہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی کیونکہ سات منٹ بعد ملنے والے پنالٹی کارنر پر قومی کپتان رانا عبدالوحید نے ساتھی کھلاڑی رضوان علی کے خوبصورت پاس پر گول کرکے مقابلہ ایک ، ایک سے برابر کردیا ۔ارجنٹائن کی جانب سے 20ویں منٹ میں الگناسیو نارڈو لیلو نے فیلڈ گول کرکے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو دو، ایک سے برتری دلائی۔کھیل کے 28ویں منٹ میں پاکستان کو مخالف ٹیم کی غلطی سے پنالٹی اسٹروک ملا جسکا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈریگ فلکر رضوان علی نے گیند کو جال میں پہنچا کر اسکور دو ،دو کر دیا۔دوسرے کوارٹر کے اختتامی لمحات میں ارجنٹائن کے کھلاڑی فرانسسکو روئزنے تیسرا گول کیا جبکہ لگناسیو نارڈو لیلو نے دوسری مرتبہ گول کیپر کو چکمہ دے کر اپنی ٹیم کو چار ، دو سے برتری دلا دی ۔کھیل کے 53ویں منٹ میں گرین شرٹس کو پنالٹی کارنر ملا جس پر عقیل احمد نے ساتھی کھلاڑی رومان کے خوبصورت پاس پر خوبصورت گول کرکے اسکور چار ، تین کردیا۔ بعدازاں کوشش کے باوجو د کوئی ٹیم بھی مزید گو ل نہ کرسکی ۔ کلاسیفکیشن مرحلے میں پاکستانی ٹیم اگلا میچ منگل کو امریکا کیخلاف کھیلے گی ۔ اتوار کو کھیلے گئے دیگر میچوں میں اسپین نے جنوبی کوریا کو نو صفر، ہالینڈ نے امریکا کو چودہ صفر، جرمنی نے مصر کو گیارہ، صفرسے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کر لیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں