گرین شرٹس بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں با آسانی فتحیاب: ایک، صفر کی برتری

گرین شرٹس بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں با آسانی فتحیاب: ایک، صفر کی برتری

چوتھی اننگز میں ٹرننگ وکٹ پر 202 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں پر حاصل،پہلی وکٹ پر 151 کی شراکت کامیابی کی ضمانت بن گئی ، 91پر برطرف مرد میدان عابد علی میچ کی دونوں اننگز میں سنچریوں کے اعزاز سے محروم،عبداللہ شفیق کے 73رنز بھی نمایاں رہے

چاٹوگرام(اسپورٹس ڈیسک)گرین شرٹس نے بنگلہ دیش کیخلاف چاٹوگرام ٹیسٹ باآسانی آٹھ وکٹوں سے جیت کر سیریز میں ایک،صفر کی برتری حاصل کرلی،چوتھی اننگز میں ٹرننگ وکٹ پر 202 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں پر حاصل کرلیا گیا جب پہلی وکٹ پر 151 کی شراکت کامیابی کی ضمانت بن گئی،91 پر برطرف مرد میدان عابد علی میچ کی دونوں اننگز میں سنچریوں کے اعزاز سے محروم ہوگئے مگر عبداللہ شفیق کے 73 رنز بھی نمایاں رہے ۔ظہور احمد چودھری اسٹیڈیم پر پانچویں صبح پاکستانی اوپنرز نے کسی نقصان کے بغیر 109 رنز سے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو فتح 93 رنز دور تھی اور بنگلہ دیشی بالرز ابتداء میں ہی کامیابی کی بدولت پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ کو پہلی اننگز کی طرح سمیٹنے کی امید کر رہے تھے مگر عابد علی اور عبداللہ شفیق نے عمدگی سے اسکور 151 رنز تک پہنچا دیا۔اگرچہ آٹھ چوکوں اور ایک چھکے سمیت 73 رنز بنا کر عبداللہ شفیق ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور 20 رنز کا اضافہ مرد میدان عابد علی کی واپسی کا باعث بن گیا جب انہیں تیج الاسلام نے بارہ چوکوں کی مدد سے 91 رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو کردیا۔اگرچہ عابدعلی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کے اہم اعزاز سے محروم رہے مگر ان کی بہترین اننگز کی بدولت اب جیت کیلئے محض 31 رنز درکار تھے جو اظہرعلی نے 24 اور کپتان بابر علی نے ایک چانس سمیت 13 رنز بنا کر فراہم کر دیئے اور پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک،صفر کی برتری کے ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 12 قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لئے اور تین میچوں میں 24 پوائنٹس کے ساتھ 66.66 فیصد کامیابی کی بدولت پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر بھی قبضہ جما لیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں