پاکستان سپر لیگ سیزن سات:ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد

پاکستان سپر لیگ سیزن سات:ٹرافی کی تقریب رونمائی کا انعقاد

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ سیزن سات کیلئے ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران اسپانسر ادارے سے ڈیجیٹل اسٹریمنگ رائٹس کے معاہدے پر دستخط بھی ہو گئے ۔

پی ایس ایل سیزن سات کے اسپانسر دراز کے ہیڈ آفس میں سجائی جانے والی سادہ تقریب کے دوران ڈیجیٹل اسٹریمنگ کا دو سالہ معاہدہ بھی طے پا گیا جس کیلئے اسپانسر ادارے کے ایم ڈی احسان سایا اور پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے دستاویز پر دستخط کئے اور دونوں اداروں کے اشتراک سے پی ایس ایل کی ٹرافی کا دورہ بھی کرایا گیا۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کیلئے دراز سے معاہدے پر خوشی ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی بین الاقوامی کرکٹ کیلئے مذکورہ ادارے نے پی سی بی کے ساتھ شراکت کی تھی۔سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ایونٹ کو کوویڈ کے خطرات سے بچانے کی خاطر انہوں نے کئی بیک اپ پلان تیار کئے ہیں جبکہ اسکواڈز کو کراچی سے لاہور چارٹرڈ طیارے کے ذریعے بھیجا جائے گا تاکہ بائیو سیکیور ببل نہ ٹوٹے تاہم صورتحال زیادہ پیچیدہ یا پریشان کن ہوئی تو ایونٹ میں ایک ہفتے کا وقفہ بھی دیا جا سکتا ہے ۔

اسپانسر ادارے کے ایم ڈی احسان سایا اور ہیڈ آف اسپورٹس اسٹریٹجی و مارکیٹنگ اینڈ انٹرٹینمنٹ ولی خان نے امید ظاہر کی کہ وہ پی ایس ایل سیون کے دوران اپنے صارفین کو شاندار ویورشپ فراہم کرنے میں کامیاب رہیں گے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں