نوجوانوں کے آگے آنے سے ہی ہاکی بہتر ہو گی،شہباز سینئر

نوجوانوں کے آگے آنے سے ہی ہاکی بہتر ہو گی،شہباز سینئر

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)سابق قومی کپتان اولمپیئن شہباز احمد کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کے آگے آنے سے ہاکی بہتر ہو گی مگر لاہور قلندرز کا قومی کھیل کی بحالی کیلئے اقدامات کرنا قابل ستائش ہے ۔

سابق قومی کپتان شہباز سینئر نے پی ایس ایل سیزن آٹھ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا سے ملاقات کے دوران ہاکی لیگ کی تیاریوں اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی جانب سے ہاکی کی بحالی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں اور جس انداز سے انہوں نے قومی کھیل کے ساتھ خود کو جوڑا ہے اس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے ۔سابق اولمپیئن کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی رائے میں ایک ہزار ملین کا سرمایہ لگا کر بھی ہاکی کو پروموٹ نہیں کیا جا سکتا جس کی وجہ یہ ہے کہ اسکولوں اور کالجز میں ہاکی ختم ہو چکی اور یہ کھیل نوجوانوں میں مقبولیت کھو بیٹھا ہے لیکن لاہور قلندرز کی بدولت ہاکی برانڈ بن گئی تو اس کی ترقی کے امکانات واضح ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے نوجوان اگر بھرپور جذبے کے ساتھ آگے آئیں گے تو ہالینڈ کی طرح یہاں بھی کھیل ترقی کرے گا کیونکہ کھلاڑیوں کی تعداد بڑھے گی تو معیار میں بھی اضافہ ہوگا مگر بدقسمتی سے فی الوقت بڑی تعداد کے ساتھ معیار بھی ناپید ہے اور دم توڑتے کھیل کیلئے لاہور قلندرز کی سپورٹ لائف لائن کا کام کرے گی جو لازمی طور پر ہاکی کو سنبھال لے گی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں