نوجوانوں کی فارم بحال : افغانستان کا جوش و خروش ٹھنڈا پڑ گیا

نوجوانوں کی  فارم  بحال  :  افغانستان  کا جوش  و خروش  ٹھنڈا  پڑ گیا

شارجہ(اسپورٹس ڈیسک)نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کی فارم بحال ہوتے ہی افغان حریفوں کا جوش وخروش ٹھنڈا پڑ گیا جو 183 کے تعاقب میں 116 پر ڈھیرہو کر 66 رنز کی شکست سے دوچار ہو گئے۔

 شاداب خان اور احسان اللہ کے تین،تین شکاروں نے کام کر دکھایا،گرین شرٹس کے 7/182 میں صائم ایوب 49، افتخار احمد 31 اور مرد میدان پاکستانی قائد کے 28رنز بھی کارگر ثابت ہوئے ۔ٹاس میں کامیابی کے بعد افغانستان نے فیلڈ سنبھالی تو محمد حارث اور طیب طاہرکی پانچویں اوور میں 28 رنز پر واپسی کے بعد صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پاور پلے میں 52 رنز بنا ڈالے۔ اگرچہ عبد اللہ شفیق 23 اور صائم ایوب 49 رنز بنا کر واپس لوٹے مگر پاکستانی اننگز سنبھل چکی تھی کیونکہ افتخار احمد 31، عماد وسیم 12اور کپتان شاداب خان 28 رنز بنا کر مجموعی اسکور سات وکٹوں پر 182تک پہنچانے میں کامیاب رہے اور صرف مجیب الرحمن کو ہی دو وکٹیں مل سکیں۔جوابی اننگز میں افغانستان نے پاور پلے میں 37 رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں اور رحمن اللہ گرباز 18 جبکہ صدیق اللہ اٹل اولین آزمائش میں 11 رنز بنا سکے ۔شاداب خان نے ابراہیم زدران کو چلتا کیا جبکہ محمد نبی 17 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو احسان اللہ کی باؤنسر پر نجیب اللہ زدران کی انجری نے افغان ڈریسنگ روم میں دہشت پھیلا دی اور عثمان غنی 15،راشد خان 16 اور کنکوشن متبادل عظمت اللہ عمرزئی 21 رنز بنا کر مجموعہ 116 تک لے جا سکے اور مرد میدان شاداب خان کے ساتھ احسان اللہ نے تین،تین وکٹیں لے کر افغانستان کا قریبی فرق سے شکستوں کا گلہ دور کردیا جبکہ افغان کرکٹر گلبدین نائب کا دوسرا خواب بھی چکنا چور کر دیا جو سیریز کی جیت کے بعد کلین سوئپ کی امیدیں لگا بیٹھے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں