نیوزی لینڈ کیخلاف وائٹ بال سیریز : قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان جلد متوقع

نیوزی  لینڈ  کیخلاف  وائٹ  بال  سیریز  :  قومی  ٹیم  کے  کوچنگ  اسٹاف  کا اعلان  جلد  متوقع

کراچی (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کے نو منتخب کنسلٹنٹ ٹیم ڈائر یکٹر مکی آرتھر سمیت دیگر کوچنگ اسٹاف سے معاملات تقریباً طے پاچکے ہیں ۔۔۔

اور نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز میں نئی ٹیم مینجمنٹ ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کیلئے معاملات کو حتمی شکل دے دی گئی جس کی تفصیلات کا اعلان بورڈ جلد کردے گا۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر کوچنگ اسٹاف کو لیڈ کریں گے ، انہیں کنسلٹنٹ ٹیم ڈائریکٹر مقرر کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ وہ اس سے قبل ہیڈ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ، ان کے دور میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ذرائع کے مطابق مکی آرتھر قومی ٹیم سے منسلک ہونے کے علاوہ ڈربی شائر کے ساتھ بھی کام کرتے رہیں گے ۔مکی آرتھر کے علاوہ گرانٹ بریڈ برن کو کوچنگ اسٹاف میں اہم ذمہ داری دی جائے گی، انہیں ہیڈ کوچ بنایا جا سکتا ہے ۔ واضح رہے کہ گرانٹ بریڈ برن ماضی میں پاکستان کے فیلڈنگ کوچ اور این ایچ پی سی بی میں ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ رہ چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بالر مورنی مورکل کو بالنگ اور اینڈریو پیوٹک کو بیٹنگ کوچ مقرر کئے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی ٹیم مینجمنٹ میں غیر ملکی آفیشلز کی شمولیت چاہتا ہے، اس لئے لیول فور کوچ یاسر عرفات کو موقع نہ دینے کا فیصلہ کیاگیا حالانکہ کہا جا رہا تھا کہ بورڈ اُن کی بطور بالنگ کوچ تقرری میں دلچسپی لے رہا ہے جو کہ مکی آرتھر کی غیر موجودگی میں ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داری نبھائیں گے ۔دوسری جانب فزیو کلف ڈیکن اور اسٹرنتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ ڈرائکس سائمن بدستور کام جاری رکھیں گے ۔واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وائٹ بال سیریز 14 اپریل سے شروع ہو گی جس میں چھ غیر ملکی کوچز میں سے چار قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔ذرائع کے مطابق مورنی مورکل نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے تاہم وہ آئی پی ایل میں لکھنئو سپرجائنٹس کے بالنگ کوچ کی حیثیت سے معاہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم کو جوائن کریں گے جبکہ اینڈریوپیوٹک آئندہ ماہ قومی ٹیم کوجوائن کرلیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف کو اس طرح ترتیب دیا ہے کہ مکی آرتھر پاکستان آئے بغیر ٹیم ڈائریکٹر کا کردار نبھاتے رہیں گے ۔ وہ آئندہ ماہ لاہور آئیں گے اورپھر آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ سے قبل تربیتی کیمپ کو جوائن کریں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں