آل پاکستان ہاکی:واپڈا اورماڑی پٹرولیم کی فائنل میں رسائی

 آل پاکستان ہاکی:واپڈا اورماڑی پٹرولیم کی فائنل میں رسائی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) واپڈا اورماڑی پٹرولیم نے آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لائٹس ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ۔

تفصیلات کے مطابق گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی اسٹیڈیم پر ٹورنامنٹ کے چھٹے روز دونوں سیمی فائنل کھیلے گئے ۔اس موقع پرٹورنامنٹ ڈائریکٹر ریحان بٹ، عرفان سینئر،بابرعبداللہ،خاور جاوید،لیاقت بھٹہ، طارق عمران،ذوالفقار حسین، منور حسین،اصغر اعوان،مقصود احمد اور دیگر افراد موجود تھے ۔پہلے سیمی فائنل میں واپڈا اور پاکستان نیوی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر تھا۔ دوسرے کوارٹر کے 30ویں منٹ میں واپڈا کے حنان شاہد نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔چوتھے کوارٹر میں 55ویں منٹ میں واپڈا کیخلاف نیوی کو پنالٹی اسٹروک دیا گیاجس کو بعد میں دونوں امپائرز نے مشاورت سے پنالٹی کارنر میں تبدیل کر دیا،اس فیصلے کیخلاف نیوی کی ٹیم نے میچ جاری رکھنے سے انکار کرتے ہوئے گراؤنڈ چھوڑ دیا۔ٹورنامنٹ انتظامیہ، ٹیکنیکل کمیٹی اور جیوری نے نیو ی کے کوچ اور منیجر کو میچ کی ویڈیو دکھا کر مطمئن کرنے کی بھر پور کوشش کی تاہم نیوی کے آفیشلز میچ جاری رکھنے سے مسلسل انکار کرتے رہے ،حنان شاہد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔دوسرے سیمی فائنل میں ماڑی پیٹرولیم نے پاکستان آرمی کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے چھ، دو سے فتح سمیٹ کر ٹائٹل میچ کیلئے کوالیفائی کیا۔ماڑی پیٹرولیم کو ہاف ٹائم پر تین ،ایک سے سبقت حاصل تھی۔فاتح ٹیم کی جانب سے سفیان خان اور نوید عالم نے دو، دو جبکہ حافظ عبداللہ اور ارشد لیاقت نے ایک، ایک گول کیا۔آرمی کی جانب سے عماد اور سمیع اللہ نے ایک ایک گول کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں