دورہ سری لنکا کی تیاریاں : اسپن اور فاسٹ بالنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ

دورہ  سری لنکا کی  تیاریاں  :  اسپن  اور  فاسٹ  بالنگ  کیمپ  لگانے  کا فیصلہ

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)دورہ سری لنکا کی تیاریوں کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کھلاڑیوں کیلئے اسپن اور فاسٹ بالنگ کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا،13اسپنرز کو 10سے 15جون اور11 پیسرز کو 16سے 21جون تک تیاری کے مختلف مراحل سے گزارا جائے گا۔۔

14نوجوان بیٹرز کو بھی طلب کیا گیا ہے ،سرفراز احمد ذاتی مصروفیات،بابر اعظم اور محمد رضوان حج جبکہ محمد نواز بحالی پروگرام کے سبب شریک نہیں ہوں گے ،دورے میں ون ڈے میچوں کا امکان معدوم ہو گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں رواں ماہ اسپنرز اور پیسرز کیلئے علیحدہ خصوصی کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا مقصد آئندہ ماہ سری لنکا کے دورے پر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچوں کیلئے تیاری کے ساتھ ہی مصروف سیزن کیلئے کھلاڑیوں کو بھرپور انداز سے تیار کرنا بھی ہے ۔واضح رہے کہ تیرہ اسپن بالرز کو دس سے پندرہ جون تک اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع دیا جائے گا جبکہ گیارہ فاسٹ بالرز کو سولہ سے اکیس جون تک تیاری کے مختلف مراحل سے گزارا جائے گا جن کی معاونت کیلئے چودہ بیٹرز کو بھی طلب کیا ہے جو نیٹ سیشنز کے دوران نہ صرف ان بالرز کا ٹریننگ میں ساتھ دیں گے بلکہ انہیں اپنے جوہروں کی بہتری کا بھی موقع ملے گا۔قومی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کی سینئرٹیم کے علاوہ شاہینز اور انڈر 19 کھلاڑیوں کو بھی کیمپ میں مدعو کیا ہے جن کو قومی ٹیم کے علاوہ اکیڈمی کے کوچز بھی رہنمائی فراہم کریں گے ۔پی سی بی ترجمان کے مطابق ان کیمپوں کے انعقاد سے سلیکٹرز کو سری لنکا کیخلاف جولائی میںدو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کیلئے بہترین اسکواڈ منتخب کرنے میں بھی مدد مل جائے گی جو پاکستانی ٹیم کی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تیسرے سائیکل میں پہلی ذمہ داری ہو گی۔ اسپن اور فاسٹ بالرز کیلئے علیحدہ کیمپوں کے انعقاد سے دونوں ٹائپ کے کھلاڑیوں کو مخصوص حالات میں لمبے اسپیلز کرنے کا موقع ملے گا جبکہ اس پہلو پر بھی نگاہ رکھی جائے گی کہ وہ اپنی صلاحیتوں میں کس طرح اضافہ کرتے ہیں اور سخت موسمی حالات میں اپنی فٹنس کو کس حد تک بہتر بناتے ہیں اور اسی دوران بیٹرز کو بھی نیٹ پریکٹس میں بیٹنگ کیلئے زیادہ وقت ملے گا جو سری لنکا کے دورے کیلئے تیاری میں مدد گار ثابت ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مدعو کئے گئے ان نوجوان کھلاڑیوں کو کیمپوں میں شرکت کے دوران ’’پاکستان وے ‘‘کے تحت کھیل کر مستقبل کی حکمت عملی کا بھی بہتر طور پر اندازہ ہوسکے گا کہ قومی ٹیم کی ان سے کیا توقعات ہوتی ہیں جبکہ نوجوان کرکٹرز کو سینئر کھلاڑیوں کے تجربے سے سیکھنے کا موقع بھی ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے جن کھلاڑیوں کو کاؤنٹی کرکٹ یا دیگر لیگز میں کھیلنے کی اجازت دے رکھی ہے وہ ان کیمپوں کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ سرفراز احمد ذاتی مصروفیات، بابر اعظم اور محمد رضوان حج کی سعادت اور محمد نواز بحالی پروگرام میں شرکت کے سبب کیمپ سے غیر حاضر رہیں گے جنہوں نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو پہلے ہی مطلع کردیا تھا۔واضح رہے کہ سری لنکا کے دورے میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے ساتھ ون ڈے میچوں کا انعقاد ممکن نہیں رہا کیونکہ میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ناگذیر وجوہات کے سبب دورے میں ایک روزہ میچوں کا اضافہ نہیں ہو سکتا اور کرکٹ سری لنکا نے صرف دو ٹیسٹ میچوں کا شیڈول جاری کرنے کا پلان بنا لیا ہے جس کی وجہ ایشیاء کپ کے حوالے سے جاری تنازع بھی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں