جونیئر قومی ہاکی ٹیم کی فائنل میں کارکردگی اچھی رہی،رولینٹ اولٹمینز

جونیئر قومی ہاکی ٹیم کی فائنل میں کارکردگی اچھی رہی،رولینٹ اولٹمینز

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے کنسلٹنٹ رولینٹ اولٹمینز کا کہنا ہے کہ پاکستانی جونیئر ٹیم میں کافی صلاحیت ہے جس نے جونیئر ایشیاء کپ میں بہترین کھیل پیش کیا لیکن بھارت کیخلاف فائنل کے پہلے ہاف میں اپنا کھیل پیش نہ کر سکی ۔۔۔

مگر اس کی مجموعی کارکردگی اچھی رہی ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے دوسرے ہاف میں بھرپور کوشش کرکے ایک گول بھی اسکور کیا تاہم مزید گولز بھی بنائے جا سکتے تھے مگر مقابل سائیڈ بھارت بھی تجربہ کار تھی۔قومی جونیئر ٹیم کے کوچ ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جونیئر ایشیاء کپ کے فائنل میں شکست کھا گئے مگر خوشی ہے کہ جونیئر کھلاڑیوں نے مختصر عرصے کی پریکٹس کے باوجود بہترین کھیل پیش کیا اور جونیئر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر گئی ورنہ بھارتی ٹیم تین سال سے ایک ساتھ کھیل رہی ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اب ان کی توجہ جونیئر ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور تمام انتظامیہ اور کوچز نے کھلاڑیوں پر نگاہ رکھی ہوئی ہے ۔سابق اولمپیئن اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ خالد بشیر کا بھی یہی کہنا تھا کہ انشاء اللہ جونیئر ورلڈ کپ میں کھلاڑی اس سے بھی اچھا کھیل پیش کر کے پاکستان کا پرچم بلند کریں گے جنہوں نے 8 سال کے بعد ایشیاء کپ کیلئے کوالیفائی کیا جس کا تمام تر کریڈٹ ٹیم انتظامیہ اور کوچز کو جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہی کھلاڑی آنے والے عرصے میں سینئر قومی ٹیم کا حصہ بن کر بھی ملک کا نام روشن کریں گے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں