محمد سراج نے لنکا ڈھا دی، بھارت ایشیاء کا نیا چیمپئن بن گیا

کولمبو (اسپورٹس ڈیسک )محمد سراج نے لنکا ڈھا دی، بھارت ایشیاء کا نیا چیمپئن بن گیا،فاتح ٹیم نے سری لنکا کو فائنل میں د س وکٹوںمیں شکست دے کر ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیاء کپ اپنے نام کیا۔
محمد سراج کو پلیئر آف دی میچ اور کلدیپ یادیو کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق آر پریما داسا انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔بارش کے سبب تاخیر سے میچ شروع ہونے کے بعد سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن ڈگمگاگئی۔ ابتدائی چھ بیٹرز صرف 12 رنز پر پویلین لوٹے جبکہ پوری ٹیم 15.2 اوورزمیں 50 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نو کھلاڑیوں کو ڈبل فیگر میں داخل ہونے کی مہلت بھی نہ مل سکی جبکہ کپتان دسون شناکا، کوسال پریرا، سدیرا سماراوکراما سمیت پانچ کھلاڑی کھاتہ نہیں کھول سکے۔ کوسال مینڈس 17 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ میچ کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر جسپریت بمراہ نے کوسال پریرا کو صفر پر لوکیش راہول کے ہاتھوں کیچ کرایا۔محمد سراج کا میچ میں چوتھا اوور آئی لینڈرز کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا جس کی پہلی گیند پر انہوں نے پاتھوم نسانکا کو دو رنز پر چلتا کیا اور پھر تیسری گیند پر سدیرا سماراوکراما کو صفر پر آئوٹ کردیا۔سری لنکن ٹیم ابتدائی نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلی ہی گیند پر محمد سراج نے چیراتھ اسالنکا کو پویلین بھیج دیا اور پھر آخری گیند پر دھننجایاڈی سلوا کی وکٹ بھی حاصل کر کے ایک اوور میںچار وکٹوں کا جشن منایا۔12 رنز پر ابتدائی چھ وکٹیں گرنے کے بعد کوسال مینڈس اور دونتھ ویلالگے نے وکٹیں گرنے کے سلسلے کو تھوڑی دیر کیلئے روک دیا۔دونوں کھلاڑیوں نے 21 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور کو 33 رنز تک پہنچایا تاہم کوسال مینڈس کو 17رنز پر محمد سراج نے ٹھکانے لگاکر چھٹی وکٹ اپنے نام کی۔ دوشان ہیمانتھا 13رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ نوجوان پیسر محمد سراج نے سات اوورز میں 21 رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہردیک پانڈیا تین اور جسپریت بمراہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے 51رنز کا معمولی ہدف بغیر نقصان چھ اعشاریہ ایک اوور میں عبور کر لیا ۔ایشان کشن 23 اور شبمان گل نے 27 رنز بنائے ۔