شائقین کیلئے بھارتی ویزے ، پاکستان کا پھر آئی سی سی سے رابطہ
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک )ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے شائقین اور صحافیوں کے بھارتی ویزوں کے معاملے پر پی سی بی نے پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویزوں کے معاملے میں تاخیر پر اظہارتشویش کرتے ہوئے۔۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو ای میل لکھ دی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کی ویزا پالیسی پر ایکشن لیتے ہوئے معاملہ جلد حل کروایاجائے ،واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کوبھی ویزوں کے اجرامیں تاخیرکا سامنا کرناپڑاہے ، پاکستانی ٹیم کو اگلے 6 روز میں ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرنا ہے اور اس کا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے ۔علاوہ ازیں دو روز قبل نگراں وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ آئی سی سی قوانین کے تحت پاکستانی شائقین کرکٹ کو ویزے ملنا ان کا حق ہے ، اس معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے معاملہ اٹھائے گا ۔