وارم اپ میچ:کیوی بیٹرز نے پاکستانی سپنرز کی درگت بناڈالی
حیدرآباد(سپورٹس ڈیسک ) نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ سے قبل وارم اَپ میچ میں پاکستانی سپنرز کی درگت بناڈالی۔ محمد نواز نے 7اوورز میں 55، اسامہ میر نے 10 اوورز میں 68 جبکہ آغا سلمان نے 8 اوورز میں 60 رنز لٹائے ،مجموعی طور پر سپنرز نے 25اوورز میں 183رنز دیکر محض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی۔۔
اس میچ میں شاداب خان، افتخار احمد اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو آرام کروایا گیا تھا ، راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے اپنے پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔اوپنر امام الحق صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے ، عبداللہ شفیق 25 گیندوں پر 14 رنز پر اور کپتان بابراعظم 84 گیندوں پر 80 رنز بنا کر سینٹنر کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، محمد رضوان نے 94 گیندوں پر 103 رنز بنائے تاہم سنچری مکمل ہوتے ہی وہ میدان سے باہر چلے گئے اور آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے ۔سعود شکیل نے بھی نصف سنچری بنائی تاہم 53 گیندوں پر 75 رنز بنا کر نیشام کی گیند پر آؤٹ ہوئے ، شاداب خان نے 11 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 16 رنز بنائے ۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 345 رنز بنائے ۔فاسٹ باؤلر حسن علی نے دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر نیوزی لینڈ کے خطرناک بلے باز ڈیون کونوے کو صفر پر آؤٹ کرکے بہترین آغاز کیا ،کین ولیمسن نے 50 گیندوں پر 54 رنز بنا کر دوسرے بلے بازوں کو بیٹنگ کا موقع فراہم کیا ۔ڈیرل مچل نے 57 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے بغیر میدان سے باہر چلے گئے ۔رویندرا محض 3 رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرپائے ، کپتان ٹام لیتھم نے 13 گیندوں پر 18 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ نے ایک مشکل نظر آنے والا 345 رنز کا ہدف 44 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا جبکہ پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ 3 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔