دوسرا وارم اپ میچ: آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرادیا
حیدرآباد(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ کے دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 14 رنز سے ہرادیا۔حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں کینگروز نے جیت کیلئے 352 رنز کا ہدف دیا۔۔
لیکن گرین شرٹس کی ٹیم 337 رنز بناسکی۔کپتان بابر اعظم نے 90 اور افتخار احمد نے 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹ پر 351 رنز بنائے ۔آسٹریلیا کی طرف سے گلین میکسویل 77، کیمرون گرین نے ناقابل شکست 50، ڈیوڈ وارنر اور جوش انگلس نے 48، 48 رنز کی باری کھیلی جبکہ مارنس لبوشین 40، مچل مارش 31 اور اسٹیو اسمتھ 27 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔پاکستان کے اسامہ میر نے 2، محمد وسیم، حارث روف، شاداب خان اور محمد نواز نے 1، 1 وکٹ اپنے نام کی۔ اس سے قبل پاکستان کو پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ نے ہرایاتھا،علاوہ ازیں بھارت کے دونوں وارم اپ میچز بارش کی نذر ہوگئے ، پہلا وارم اپ میچ 30 ستمبر کو گوہاٹی میں انگلینڈ کے بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا جبکہ منگل کو نیدرلینڈز کے خلاف تھرووناتھاپورم میں ہونے والا وارم اپ میچ بھی بارش کے باعث نہ کھیلا جاسکا۔