انیتا کریم نے تھائی لینڈ میں دو گولڈ میڈل جیت لئے
بنکاک (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی خاتون مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم نے تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں ہونے والے سیام کپ میں دو گولڈ میڈل جیت لیے ہیں۔ انیتا کریم نے 55 کلوگرام/لائٹ ویٹ کیٹیگری کے ساتھ ساتھ 'ایبسلوٹ' کیٹیگری میں تمغے جیتے ۔
لائٹ ویٹ کیٹیگری میں انہوں نے جاپان کی مییو سوزوکی، تھائی لینڈ کی چوٹیما سالا اور سیفا پھٹیڈی کے خلاف کامیابی حاصل کی۔انہوں نے پہلے دو مقابلے سبمیشن جبکہ آخری ایک پوائنٹس سے جیتا تھا۔ ایبسلوٹ کیٹیگری میں انیتا کریم نے تھائی لینڈ کے چوتیما سالا ساسیتھون یاہی اور تانیا پورن منگکلکیری کو شکست دی۔ پہلی اور تیسری فائٹ سبمیشن کے ذریعے جیتی گئی جبکہ دوسری جیت پوائنٹس پر حاصل کی۔ انیتا کریم بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر ہیں۔ انیتا کریم نے پاکستان جیسے ملک کے لیے ایک طویل سفر طے کیا ہے جہاں خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا کوئی معمول نہیں ہے ۔ وہ بین الاقوامی اسٹیج پر ملک کے لیے نام جیت رہی ہے جس سے دیگر خواتین کو ملک بھر میں مختلف کھیلوں میں قدم جمانے میں مدد ملے گی۔