سپر لیگ:کوئٹہ کی فتوحات کی ہیٹ ٹرک،یونائیٹڈ کو شکست

سپر لیگ:کوئٹہ  کی  فتوحات  کی  ہیٹ ٹرک،یونائیٹڈ  کو  شکست

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا ہدف 18.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔جیسن روئے نے 37 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، کپتان رائلی روسو 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، محمد عامر نے 11 رنز بنائے ۔ردرفوڈ نے 29 رنز بناکر نسیم شاہ کا نشانہ بنے ، سعود شکیل 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، خواجہ نافع کو 9 رنز پر رومان رئیس نے بولڈ کیا۔عقیل حسین 8 رنز بناسکے ، محمد وسیم جونیئر ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان اور نسیم شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے تھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 139 رنز کا ہدف دیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر شاداب خان الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔آغا سلمان کے 33 رنز کے علاوہ کوئی بیٹر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔ کولن منرو 20 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ، الیکس ہیلز کو 21 رنز پر عقیل حسین نے آؤٹ کیا، کپتان شاداب خان 2 رنز بنا کر محمد حسنین کو وکٹ دے بیٹھے ۔جارڈن کاکس 19 اور عماد وسیم 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، فہیم اشرف 20 رنز بنا کر محمد وسیم کا نشانہ بنے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ابرار احمداور محمد وسیم نے تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، عقیل حسین دو وکٹیں حاصل کرسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں