غلطیاں تسلیم،شکست پر قوم سے معذرت:شان مسعود

غلطیاں  تسلیم،شکست  پر  قوم  سے  معذرت:شان مسعود

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان کی طرح پاکستان کرکٹ ٹیم بھی مایوس ہے ، اپنی غلطیاں مانتے ہیں، ہم شکست پرقوم سے معذرت کرتے ہیں۔

بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے اعتراف کیا کہ راولپنڈی ٹیسٹ میں سپنر کو نہ کھلانا غلطی تھی،ہمیں تین فاسٹ باؤلرز اور ایک سپیشلسٹ سپنر کے ساتھ جانا چاہئے تھا، کھلاڑیوں نے اپنا سو فیصد دیا، غلطیاں سب سے ہوتی ہیں،گر گئے تو گرے رہیں گے ، اس وقت ایک دوسرے کو سہارا دینا ہے ۔ شان مسعود نے پریس کانفرنس میں پچ کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کیلئے وکٹ ڈومیسٹک کرکٹ سے مختلف تھی، میرے خیال میں ٹیسٹ میچ کیلئے یہاں کی مختلف پچ تھی۔انکا کہنا تھا کہ شکست کی وجوہات ہیں، دوسری اننگز میں 117 رنز کی لیڈ اتارنے کے بعد ہم ڈرا کا سوچ رہے تھے ۔ بہت مایوس کن پرفارمنس تھی، بنگلہ دیش کو ہلکا نہیں لیا، مہمان ٹیم نے ڈسپلن ٹیسٹ کرکٹ کھیلی، جو امید کی تھی کنڈیشنر اس کے برعکس تھیں، بارش اور پچ پر گھاس دیکھ کر پہلی اننگز ڈکلیئر کی تھی، اگر ڈکلیئریشن سے قبل کچھ رنز کر لیتے تو رزلٹ شاید مختلف ہوتا۔شان مسعود نے کہا کہ پچ میں فاسٹ باؤلرز کے لئے کافی مدد تھی،بنگلہ دیشی فاسٹ باؤلرز نے بہت اچھی باؤلنگ کی، دوسری نئی گیند لینے کے بعد ہمارے فاسٹ باؤلرز وکٹیں نہیں لے سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ دس ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی تھی، پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں کافی مواقع ملے جس سے بنگلہ دیش پر پریشر ڈالا جا سکتا تھا۔بنگلہ دیش کوکریڈٹ جاتا ہے انہوں نے ایک کے بعد ایک وکٹ حاصل کی، ہم سلیکشن میں سوچ و بچار کریں گے ، کنڈیشنر کے مطابق سپنر کو شامل کرنے پر سوچیں گے ، ابرار احمد نے دورہ آسٹریلیا سے قبل فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلی تھی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں