22سالہ فاطمہ ثنا ویمنز ٹی 20ورلڈکپ کیلئے کپتان مقرر

22سالہ فاطمہ ثنا ویمنز ٹی 20ورلڈکپ کیلئے کپتان مقرر

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)فاطمہ ثنا کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ2024 کیلئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا گیا، یہ فیصلہ خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے ۔

 22 سالہ فاطمہ ثنانے 41 ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت کر چکی ہیں۔ انہوں نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول کے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کی تھی یہ میچ سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے ۔ دائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس ورلڈکپ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہیں جو نجیہہ علوی کی جگہ واپس آئی ہیں،نجیہہ علوی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی۔ پاکستانی سکواڈمیں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی(وکٹ کیپر)، نشرح سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،صدف شمس، سعدیہ اقبال(فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔ٹریولنگ ریزرو کے طورپر نجیہہ علوی(وکٹ کیپر)جبکہ نان ٹریولنگ ریزرو میں رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں