’’لیگ فارپیس‘‘،کشمیر سپریم لیگ کی لانچنگ 3ستمبرکوہوگی

’’لیگ فارپیس‘‘،کشمیر سپریم لیگ کی لانچنگ 3ستمبرکوہوگی

راولپنڈی( سپورٹس رپورٹر)کشمیر سپریم لیگ کی تیاریاں زورووشور سے جاری ہیں ، لانچنگ تقریب 3ستمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل جبکہ افتتاحی میچ 4نومبر کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔۔۔

شاہدآفریدی کے ایس ایل کے برانڈ ایمبیسیڈر اور معین خان ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کردئیے گئے ، پہلے ایڈیشن میں 6ٹیمیں جلوہ گر ہوں گی۔کے ایس ایل کے چیئرمین مسعود احمد خان نے بتایا کہ کے ایس ایل کا سلوگن ’’لیگ فارپیس‘‘ہے ، کشمیر سپریم لیگ کے پہلے ایڈیشن میں 6ٹیمیں مظفرآباد فالکنز، باغ رائلز، راولاکوٹ نائٹس، میرپور سٹالینز، کوٹلی لائنز اور گلگت بلتستان یونائیٹڈ حصہ لیں گے ۔ لیگ کی لانچنگ میں وفاقی وزیرداخلہ وچیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی، وزیراعظم آزادکشمیر چودھری انوارلحق مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی آمد بھی متوقع ہے ۔ لیگ کا انعقاد 4سے 20نومبر 2024 تک راولپنڈی، فیصل آباد اور مظفرآباد میں ہوگا۔ 6ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر 19میچز کھیلے جائیں گے جن میں پلے آف اور فائنل میچز مظفرآباد میں ہوں گے ، فائنل میچ 17یا 18نومبر کوکھیلا جائے گا۔ہر ٹیم میں 20کھلاڑی اور 10آفیشلز شامل ہوں گے ، کے ایس ایل کی ہر ٹیم کے سکواڈ میں کم ازکم 6کشمیری پلیئرز شامل ہوں گے جبکہ ہر ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کم ازکم 2کشمیری کرکٹرز کو کھلانا لازمی ہوگا۔پہلی بار کسی بھی لیگ میں گلگت بلتسنان کو نمائندگی دی گئی ہے جس سے وہاں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں بڑی مدد ملے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں