بنگلہ دیش اے کیخلاف ون ڈے سیریز،14شاہینزکا اعلان

بنگلہ دیش اے کیخلاف ون ڈے سیریز،14شاہینزکا اعلان

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش اے کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے 14 رکنی پاکستان شاہینزکے سکواڈ کا اعلان کردیا ۔

سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائیگا ، 28 اور 30 اگست کو بھی میچز ہونگے ، پچاس اوورز پر مشتمل یہ تینوں میچزاسلام آباد کلب میں کھیلے جائیں گے ۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان شاہینز اور بنگلہ دیش اے کے درمیان دو چار روزہ میچ کھیلے جاچکے ہیں جو ڈرا ہوئے ۔وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو پاکستان شاہینز کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے ، انہوں نے حال ہی میں پاکستان شاہینز کے ڈارون ٹور میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی جس نے پچاس اوورز کے دو ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلی تھی۔ سلیکٹرز نے اس ٹیم کے بارہ کھلاڑیوں کو بنگلہ دیش اے کیخلاف سکواڈ میں برقرار رکھا ہے ،جن میں عبدالفصیح، عرفات منہاس، فیصل اکرم، حسیب اللہ، جہانداد خان، محمد عباس آفریدی، محمد عرفان خان، محمد عمران جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف، اور عثمان خان شامل ہیں۔ دیگر دو کھلاڑی بائیں ہاتھ کے سپنر مہران ممتاز اور بائیں ہاتھ کے بیٹر اذان اویس ہیں۔ مہران ممتاز بنگلہ دیش اے کے خلاف دوسرا چار روزہ میچ کھیلے تھے جبکہ اذان اویس نے اس سال آئی سی سی مینز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔بنگلہ دیش اے کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان شاہینز سکواڈمحمد حارث(کپتان،وکٹ کیپر)،عبدالفصیح،عرفات منہاس،اذان اویس،فیصل اکرم،حسیب اللہ (وکٹ کیپر)،جہانداد خان،مہران ممتاز،محمد عباس آفریدی،محمدعرفان خانِ،محمد عمران جونیئر، مبصر خان، عمیر بن یوسف اور عثمان خان پر مشتمل ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں