تاریخ رقم،بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے پہلی بار پاکستان کو ٹیسٹ میچ ہرا دیا

تاریخ رقم،بنگلہ  دیشی  کرکٹ  ٹیم  نے  پہلی  بار  پاکستان  کو  ٹیسٹ  میچ  ہرا  دیا

راولپنڈی (سپورٹس رپورٹر)راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو 10وکٹوں سے شکست دے کر بنگلہ دیش کی ٹیم نے تاریخ رقم کردی ، قومی ٹیم کی بنگال ٹائیگرز کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں یہ پہلی شکست ہے ۔

اس سے قبل پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان 13 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے جن میں سے 12 ٹیسٹ میچز میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی جبکہ ایک میچ ڈرا رہا تھا۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے  آخری روز پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف 146 رنز ہی بنا سکی اور بنگلہ دیش کو جیت کیلئے 30 رنز کا ہد ف دیا ، جسے مہمان ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے ذاکر حسن نے 15 جبکہ شادمان اسلام نے 9 رنز سکور کئے ، پاکستان کی جانب سے کوئی بھی باؤلر وکٹ نہ لے سکا۔ میچ کے پانچویں روز پاکستان نے کھیل کا آغاز 23 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے کیا ، کپتان شان مسعود زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور حسن محمود کی گیند پر 37 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے ۔ بابراعظم 22 رنز بنا کر واپس چلے گئے اور سعود شکیل کھاتہ کھولے بغیر ہی میدان چھوڑگئے ۔عبداللہ شفیق 86 گیندوں پر 37 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو سلمان علی آغا بغیر کھاتہ کھولے ان کے پیچھے پیچھے چل دئیے ۔شاہین آفریدی نے 16 گیندوں پر 2 رنز بنا کر مزاحمت کی جبکہ نسیم شاہ صرف 3 رنز بنا کر روانہ ہوگئے ۔ محمدرضوان 51رنزبناکر آئوٹ ہوگئے جبکہ محمد علی نے بھی کھاتہ کھولنے کی زحمت نہ کی ، خرم شہزاد پانچ رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے اورپوری ٹیم 146 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی اورمہمان ٹیم کو جیت کیلئے صرف 30رنز کا ہدف دیاجو اس نے بغیر نقصان پوراکرلیا۔

مہدی حسن میراز نے 4، شکیب الحسن نے 3 جبکہ حسن محمود، ناہید رانا اور شرف الاسلام نے ایک ، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 448رنز 6کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنائے تھے ۔بنگلہ دیش کے مشفق الرحیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے 191 رنز کی شاندار باری کھیلنے والے مشفق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میرازکو میچ کا بہترین باؤلر قراردیاگیاجبکہ پاکستان کے سعود شکیل آؤٹ سٹینڈنگ پرفارمنس کا ایوارڈ ملا ۔مہمان ٹیم کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بھی راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں