چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے سکواڈز اور کپتانوں کا اعلان

چیمپئنز ون ڈے کپ کیلئے سکواڈز اور کپتانوں کا اعلان

لاہور(سپورٹس ڈیسک )پی سی بی نے 5 چیمپئنز ون ڈے کپ ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد میں ہونے والے۔۔

 ٹورنامنٹ کیلئے عارضی سکواڈز کا اعلان کردیا۔کپتانوں کا تقرر 5 ٹیموں کے مینٹور مصباح الحق (وولوز)، ثقلین مشتاق (پینتھرز)، سرفراز احمد (ڈولفنز)، شعیب ملک (اسٹالینز) اور وقار یونس (لائنز) کی جانب سے کیاگیا ۔ ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل ڈولفنز، شاہین شاہ آفریدی لائنز، پینتھرز کی قیادت شاداب خان کرینگے جبکہ اسٹالینز کی قیادت محمد حارث اور محمد رضوان وولوز کی قیادت کے فرائض نبھائیں گے ، 50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچ دوپہر 3 بجے شروع ہونگے ، سوائے 16 ستمبر کو لائنز بمقابلہ پینتھرز کے میچ کے ، جو صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار 29 ستمبر کو کھیلاجائیگا۔بورڈ نے پانچوں ٹیموں کے عارضی سکواڈز کا بھی اعلان کردیا ہے ، 150 کھلاڑیوں میں سے 125 پچھلے 3 ڈومیسٹک سیزن میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے تھے ، بقیہ 25 کھلاڑی وائلڈ کارڈ تھے ، جن کا انتخاب ان کے تجربے اور گزشتہ تینوں سیزنوں میں پاکستان، پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کے لیے کارکردگی کی بنیاد پر کیا گیا تھا۔ہر ٹیم میں موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی بھی شامل ہیں،ڈولفنز میں سعود شکیل، فہیم اشرف اور سرفراز احمد،لائنز میں عبداللہ شفیق، عامر جمال، امام الحق اور شاہین شاہ آفریدی،پینتھرز میں صائم ایوب، شاداب خان اور اسامہ میر اوراسٹالینز میں ابرار احمد، بابر اعظم، حارث رؤف، محمد حارث، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان نمائندگی کرینگے جبکہ وولوز میں فخر زمان، افتخار احمد، محمد رضوان، نسیم شاہ، سلمان علی آغا اور شاہنواز دہانی شامل ہیں ،سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی جو اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں ان میں محمد نواز (ذاتی وجوہات)، عماد وسیم (غیر دستیاب)، ارشد اقبال، حسن علی، احسان اللہ اور محمد وسیم جونیئر (انجری کے بعد بحالی سے گزر رہے ہیں) شامل ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں