چیمپئنز ٹرافی اور انگلینڈ سے سیریز پاکستان میں ہی ہوگی : محسن نقوی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتانوں سے متعلق فیصلہ کوچ اور سلیکٹرز کریں گے ۔۔
بھارت سمیت تمام ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کیلئے پاکستان آئیں گی،انگلینڈکیخلاف ٹیسٹ سیریز کے تمام میچز بھی پاکستان میں ہی ہونگے ،قذافی سٹیڈیم میں تعمیراتی پراجیکٹ کے معائنہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 30 ستمبر تک بیسمنٹ کا کام مکمل کر لیا جائے گا، تین تین ہفتے میں ایک ایک فلور مکمل ہوگا۔ پویلین سٹیل کا ہوگا، 31 دسمبر تک مین بلڈنگ تعمیر ہوگی جبکہ 31 دسمبر تک جو کام مکمل ہو سکتا ہو گا اسے مکمل کیا جائے گا۔ قذافی سٹیڈیم کے تمام انکلوژرز نئے بنیں گے ، راولپنڈی سٹیڈیم کا کام روک دیا گیا ہے ، جو کام شروع کیا اسے ختم کیا جائے گا جبکہ کراچی سٹیڈیم میں کام تیزی سے جاری ہے ۔ اسلام آباد میں دبئی کی طرز پر نیا سٹیڈیم بنایا جائے گا۔ قذافی سٹیڈیم کے قریب ہوٹل کا کام چیمپئنز ٹرافی کے بعد شروع ہوگا، انٹرنیشنل ہوٹل چین کو لایا جائے گا، بورڈ کو ریونیو ملے گا۔ 22 ستمبر کو سب کو بلایا ہے یہ لوگ مشورے دینگے پھرفیصلے ہونگے ، ٹیم اچھا نہ کھیلے ، سلیکشن کی غلطی ہو یا کوچ کی، ہارنے کے بعد سب مجھ پر آتا ہے ۔پاکستان انگلینڈ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہی ہو گی، کوئی ٹیسٹ باہر نہیں ہوگا، اس کے لیے ملتان اور راولپنڈی وینیوز فائنل ہیں۔ انگلینڈ بورڈ سے رابطے میں ہیں، اس معاملے میں کوئی ایشو نہیں ہے ۔ چیمپئنز ٹرافی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام بورڈز سے رابطے میں ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، سب ٹیمیں آئیں گی، منصوبہ بندی بھی مکمل کرلی۔ جے شاہ سے رابطہ رہتا ہے ، آئی سی سی چیئرمین بننے پر پریشانی نہیں۔ جے شاہ سے کئی میٹنگز میں ملاقات ہو چکی ہے ۔ ایشین کرکٹ کونسل کا دوروزہ اجلاس آج سے شروع ہوگاجس میں میں شرکت نہیں کر سکوں گا، پی سی بی کی طرف سے سلمان نصیر اس میں شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں نئے صدر سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔