چیمپئنز ون ڈے کپ: لائنز نے پینتھرز کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے

چیمپئنز ون ڈے کپ: لائنز  نے پینتھرز کے آگے  گھٹنے  ٹیک  دئیے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)چیمپئنز ون ڈے کرکٹ کپ کے میچ میں پینتھرز نے لائنز کو 84 رنز سے ہرادیا ۔۔

 پینتھرز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 46.5 اوورز میں 283 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،لائنز کی ٹیم مقررہ ہدف کے تعاقب میں 35.2 اوورز میں 199 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی، پینتھرز کے مبصرخان اور حیدر علی کے درمیان 144 رنز کی شراکت، مبصرخان 90 رنز اور حیدر علی 84 رنز بناکر نمایاں رہے ، شاداب خان عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ گزشتہ روز پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ابتدائی چار وکٹیں محض 51 رنز پر گرگئیں۔ صائم ایوب 10، اذان اویس 1 ، عمرصدیق صفراور عثمان خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس موقع پر مبصرخان اور حیدر علی نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شراکت قائم کرلی۔ مبصرخان 90 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ حیدرعلی نے 84 رنز بنائے ۔ حیدرعلی اور شاداب خان نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا۔ شاداب خان نے 37 رنز کی اننگز کھیلی ۔لائنز کی طرف سے احمد دانیال اور شاہین آفریدی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں لائنز نے بھی اپنی تین وکٹیں صرف 44 رنز پرگنوادیں ۔ امام الحق نے 60 رنز بنائے ۔ عرفان خان نے 35 رنز سکور کئے ۔ ان دونوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں83 رنز کا اضافہ کیا لیکن شاداب خان اور اسامہ میر کی عمدہ سپن بالنگ نے پینتھرز کی جیت کی راہ ہموار کردی۔ شاداب خان نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اسامہ میر نے بھی 3 کھلاڑیوں کو 55 رنز کے عوض آؤٹ کیا۔ ٹورنامنٹ کا چھٹا میچ کل ڈولفنز اور لائنز کے درمیان کھیلا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں