جسمانی وذہنی صحت کیلئے کھیلوں کافروغ ضروری :گورنرپنجاب
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان ہارس اینڈ مانٹڈ آرچری فیڈریشن کے نیشنل نیزہ بازی ججز کیلئے منعقدہ ٹریننگ کورس کے شرکا نے ملاقات کی۔
اس موقع پر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ہمارے روایتی کھیل پاکستان کی پہچان ہیں اور ان کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں نے عالمی سطح پر متعدد بار ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔ سپورٹس سے وابستہ افراد کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے ۔ معاشرے میں کھیلوں جیسی سرگرمیوں کا فروغ نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے بہت ضروری ہے ۔گورنر نے دیسی نیزہ بازی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت سے جڑے روایتی کھیل بحال ہونے چاہئیں اور اس سلسلے میں گورنر ہاوس سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نیزہ بازی سردار زادہ حسین عباس سید ، ڈائریکٹر آپریشنز علی فواد اور سابق ایم پی اے ، نیزہ بازی جج ملک خرم گھیبہ نے گورنر پنجاب کو فیڈریشن کی کارکردگی پرتفصیلی بریفننگ دی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا اور ججز میں اسناد تقسیم کیں۔ روس میں سلور اور کانسی کے تمغے جیتنے والے محمد اسد اور محمد ارحم جبکہ قازقستان میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے ارشق نعیم اور اورنگزیب مبشر کو پاکستان کلر سے نوازا گیا۔