ہاکی کھلاڑی واجبات کی عدم ادائیگی پر پریشان ، فیڈریشن چپ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی چین میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر پریشان ہیں جبکہ صدر اور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے چپ سادھ رکھی ہے ۔
ذرائع کے مطابق واجبات کی عدم ادائیگی کیلئے تمام سینئرکھلاڑی روزانہ کی بنیاد پر پوچھ رہے ہیں لیکن صدر طارق بگٹی اور سیکرٹری رانا مجاہد نے اب گروپ میں جواب دینا بھی بند کردیا ہے ۔ ایک کھلاڑی نے شکوہ کیا کہ پہلے تو پی ایچ ایف حکام دلاسہ دے دیتے تھے کہ ہم فنڈز کا بندوبست کر رہے ہیں اور جلد ادائیگی ہوگی اب تو جواب بھی نہیں آتا، پی ایچ ایف حکام کا جواب نہ دینا کھلاڑیوں کے لیے پریشان کن ہے ۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی کے مطابق واجبات کی ادائیگی ہمارا حق ہے اور ہمیں حکومت ہمارا حق دلائے ، بیشتر کھلاڑیوں کی مالی حالت اچھی نہیں انہیں واجبات درکار ہیں۔