بھارت بارے بات چیت پر پابندی لگادی :کپتان پاکستان شاہینز

 بھارت بارے بات چیت پر پابندی لگادی :کپتان پاکستان شاہینز

کراچی(سپورٹس ڈیسک ) اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث نے کہا ہے ۔۔

کہ پہلی مرتبہ کھلاڑیوں پرڈریسنگ میں بھارت سے متعلق بات چیت پر پابندی لگا دی ہے ۔ بطور کپتان میں نے ہیڈ کوچ عمر رشید کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا،ہمیشہ کرکٹ مقابلے میں بھارت بھارت کیا جاتا ہے ، جبکہ ہمارے لیے ہر ٹیم اہمیت کی حامل ہے ۔نیشنل بینک سٹیڈیم پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے ، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے ۔ تینوں میچز میں اچھے نتائج کے لیے میدان میں جائیں گے ، ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل طور پر فٹ ہیں، ایونٹ کے لیے اچھا کمبینیشن تیار کیا ہے ، ہار سے نہیں گھبراتے ، سیکھنے کے لیے جا رہے ہیں، ایونٹ میں ہار جیت سے کچھ فرق نہیں پڑے گا،سیکھنے کا عمل جاری رہے گا۔ پاکستان شاہینز کے لیے بطور اوپنر کھیلوں گا ، محنت کرتا رہا تو پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جاؤں گا، قوم ایونٹ میں کامیابی کے لیے دعا کرے ۔

دریں اثنا پاکستان شاہینز کا تربیتی کیمپ منگل کو نیشنل بنک سٹیڈیم کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹرپرختم ہوگیا،کیمپ کے آخری روز اوول گراؤنڈ میں ٹی ٹونٹی پریکٹس میچ کھیلا گیا جبکہ سکواڈ گزشتہ شب اپنی منزل کی جانب روانہ ہو گیا، ایونٹ18 تا 22 اکتوبر مسقط کے عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا،پاکستان شاہینز اپنا پہلا میچ 19 اکتوبرکو گزشتہ برس کی فائنلسٹ بھارت اے سے کھیلے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں