چیمپئنز ٹرافی:ہائبرڈ ماڈل کے امکانات زیادہ:انگلش بورڈ

چیمپئنز ٹرافی:ہائبرڈ ماڈل کے امکانات زیادہ:انگلش بورڈ

ملتان (سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں متبادل آپشن پر غور ہو رہا ہے ۔۔

ہائبرڈ ماڈل کے امکانات زیادہ ہیں۔سی ای او رچرڈ گولڈ کے ہمراہ ملتان میں برطانوی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے بغیر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آپشن نہیں ہے ۔ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر ہائبرڈ ماڈل کے امکانات اب زیادہ ہو رہے ہیں۔ چند روز میں آئی سی سی کی میٹنگز ہیں، جہاں مختلف آپشن زیر غور آئیں گے ۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کا شرکت نہ کرنا کرکٹ کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ جے شاہ جو اب آئی سی سی کے سربراہ ہوں گے ، انکا اس معاملے میں اہم کردار ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کے نہ کھیلنے سے براڈ کاسٹنگ رائٹس پر بہت منفی اثر پڑے گا اور ہمیں اس کا تحفظ کرنا ہے ۔ابھی چیمپئنز ٹرافی میں وقت ہے ، فیصلے کرنے میں وقت لگتا ہے ۔ اگر ایسے حالات آتے ہیں تو بہت سے آپشن دستیاب ہیں۔ یہ معاملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہے اور مجھے امید ہے کہ وہ کوئی راستہ نکال لیں گے ۔ یہ پاکستان کے لیے بہت بڑا لمحہ ہے اور امید ہے پاکستان میں پورا ایونٹ دیکھ سکیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں