بھارتی شیر پونے میں ڈھیر: پوری ٹیم کیویز کیخلاف 156 رنز پر آؤٹ

بھارتی شیر پونے میں ڈھیر: پوری ٹیم کیویز کیخلاف 156 رنز پر آؤٹ

پونے (سپورٹس ڈیسک ) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 156 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پونے میں سپنرز کے لیے سازگار وکٹ پر نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، ڈیون کونووے اور رچن رویندرا کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 259 رنز بنائے ۔بھارت نے میچ کے پہلے دن کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 16 رنز بنا لیے تھے ۔کھیل کے دوسرے دن شبمن گل اور یشسوی جیسوال نے مل کر سکور کو 50 تک پہنچایا لیکن 49 رنز کی یہ شراکت اس وقت اختتام کو پہنچی جب مچل سینٹنر نے 30 رنز بنانے والے گل کو چلتا کیا۔پھر ویرات کوہلی صرف ایک رن بنانے کے بعد چلتے بنے جبکہ جیسوال بھی 30 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ ریشابھ پنٹ، سرفراز خان اور ایشون بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے ، یوں بھارتی ٹیم 103 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔ رویند را جڈیجا اور واشنگٹن سدر نے آٹھویں وکٹ کے لیے 33 رنز کی قیمتی ساجھے داری بنائی لیکن مچل سینٹنر نے اننگز میں سب سے زیادہ 38 رنز بنانے والے جڈیجا کا کام تمام کر دیا۔سینٹنر نے جلد بقیہ دونوں بھارتی کھلاڑیوں کی بھی پویلین واپسی کا سامان کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 156 رنز پر چلتا کردیا اور نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 103 رنز کی برتری حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر نے 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں