زمبابوے کے سابق فاسٹ بولر ہینری اولونگا پینٹر بن گئے
لاہور(سپورٹس ڈیسک )زمبابوے کے سابق فاسٹ بولر ہینری اولونگا کیریئر کے اختتام کے بعد پینٹر بن گئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق 2019ء میں سابق فاسٹ بولر کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں ان کو گلوکاری کے مقابلے میں حصہ لیتے دیکھا گیا تھا۔
اب 48 سالہ ہینری اولونگا سماجی کاموں کے لیے پارٹ ٹائم پینٹر ہیں۔وہ بھارت اور آسٹریلیا کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ایڈیلیڈ میں بھی موجود تھے ۔اس موقع پر انہیں سٹیڈیم میں پینٹنگ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ہینری اولونگا کوچنگ اور امپائرنگ بھی کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ مجھے آسٹریلیا پسند ہے ، میں نے آسٹریلوی خاتون سے شادی کی اور میرے 2 بچے ہیں، مجھے مختلف چیزیں کرنا پسند ہے ، میں ایک کام کر کے بور ہو جاتا ہوں۔واضح رہے کہ ہینری اولونگا نے 1995ء سے 2003ء کے دوران زمبابوے کی جانب سے 30 ٹیسٹ اور 50 ون ڈے میچز کھیلے ہیں اور 2003ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے 27 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔