آسٹریلیا بھارت کو ہرا کر ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا
سڈنی (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچز پر مشتمل بارڈرگواسکر ٹرافی1-3 سے اپنے نام کرلی ، سیریز کا ایک میچ ڈرا ہوا تھا۔۔۔
کینگروز کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارتی ٹیم کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کافائنل کھیلنے کا خواب بھی ادھورا رہ گیا ہے اور آسٹریلیا نے ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ادھر سڈنی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 185رنز بنائے جبکہ میزبان آسٹریلیا نے 181 رنز بناکر آل آؤٹ ہوئی اور یوں ٹیم انڈیا کو 4 رنز کی برتری ملی تاہم وہ دوسری اننگز میں کینگروز کیلئے بڑا ہدف دینے میں کامیاب نہ ہوسکے اور محض 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئے ۔میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں جیت کیلئے 161 رنز کا ہدف دیا تاہم جسپریت بمراہ کی غیر موجودگی میں بھارتی بالنگ لائن بے بس دیکھائی دیا اور میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔دوسری اننگز ڈیبیو کرنے والے بیو ویسٹر نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے جبکہ ٹریوس ہیڈ 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔آسٹریلیا کے سکاٹ بولینڈ میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ بھارت کے جسپریت بمراہ کو سیریز میں 32 وکٹیں لینے اور 42 رنز بنانے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔واضح رہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔