بھارتی ہیڈ کوچ اور سلیکٹرز میں تلخ کلامی کا انکشاف

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر اور سلیکٹرز کے درمیان شریاس آئر اور چیمپیئنز ٹرافی کے لئے دوسرے وکٹ کیپر کے معاملے پر تلخ کلامی کا انکشاف ہوا ہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی سی ایونٹ سے قبل یہ خبریں بھارتی کیمپ کے لیے اچھی نہیں، اجیت اگرکر کی سربراہی میں قائم بھارتی سلیکشن پینل اور ہیڈ کوچ کی سوچ میں مطابقت نہیں پائی جاتی۔رپورٹ کے مطابق شریاس آئر کو برقرار رکھے جانے اور وکٹ کیپنگ کے آپشنز پر ان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔واضح رہے کہ لوکیش راہول نے انگلینڈ سے ہوم سیریز کے تینوں ون ڈے میچز کھیلے ہیں اور گمبھیر پہلے ہی راہول کو اولین چوائس وکٹ کیپر قرار دے کر رشبھ پنت کی جگہ خطرے میں ڈال چکے ہیں۔دوسری جانب، چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیم متحدہ عرب امارات پہنچ چکی ہے ۔ بلیو شرٹس ایونٹ کے تمام میچز دبئی میں کھیلے گی۔ایونٹ کی میزبان ٹیم پاکستان 23فروری بروز اتوار دبئی سٹیڈیم میں بھارت کے خلاف گروپ میچ کھیلے گی۔