دورہ پاکستان ، بنگلادیشی ٹیم کو حکومت کا گرین سگنل مل گیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کی حکومت کی جانب سے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف سیریز کی اجازت دینے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
بنگلادیشی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز جاری بیان میں بتایا کہ ہمیں پاکستان کیخلاف شیڈول سیریز کے حوالے سے حکومت کی جانب سے مثبت اشارے ملے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز ہوگی۔اعلامیے کے مطابق حکومت نے پاکستان کے دورے کی اجازت دینے پر غور شروع کردیا ہے اور جلد اس حوالے سے باضابطہ اجازت نامہ بورڈ کو ملنے کا بھی امکان ہے ۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ حکومت تقریباً پاکستان کے دورے پر رضامند ہے اور صرف رسمی کارروائی ہونا باقی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ واضح رہے کہ بنگلادیش کی ٹیم متحدہ عرب امارات سے دو میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے 14 مئی کو یو اے ای روانہ ہوگی۔ پاکستان اور بنگلا دیش کے خلاف سیریز کا نیا مجوزہ پلان سامنے آگیا، پانچ ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا آغاز اب لاہور سے ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے حتمی شیڈول مقامی معاملات طے ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ پی ایس ایل کو ری شیڈول کرنے کے بعد اب پاکستان اور بنگلہ دیش کے سیریز کا نیا پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے ۔ذرائع کے مطابق نئی تجویز کے تحت اب ستائیس مئی کو پہلا میچ قذافی اسٹیڈیم میں کرانے کا جائزہ لیا جارہاہے ۔ جس کے بعد دو میچز کی میزبانی فیصل آباد کو سونپی جائے گی جبکہ سیریز کے آخری دو میچ لاہور میں ہونے کا امکان ہے ۔