سپر لیگ: قلندرز فائنل میں ، گلیڈی ایٹرز سے ٹرافی کی جنگ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کے 10 ویں ایڈیشن کے دوسرے کوالیفائر میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے ۔
گزشتہ روز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 203 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 16 ویں اوور میں 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔سلمان علی آغا 33 اور شاداب خان 26 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ قلندرز کی جانب سے سلمان مرزا اور رشاد حسین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ کل فائنل میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہوں گے ۔ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے تھے ۔لاہور قلندرز کی جانب سے کوشل پریرا نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 61 رنز بنائے ۔ وہ ٹیمل ملز کی بال پر بولڈ ہوئے ۔اوپنر محمد نعیم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 25 بالز پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ وہ عماد وسیم کی گیند پر وکٹ کیپر صاحبزادہ فرحان کے ہاتھوں سٹمپ ہو گئے ۔اسلام آباد کی جانب سے ٹیمل ملز نے تین اور سلمان ارشاد نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ 21 مئی کو کھیلے گئے پہلے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ گزشتہ روز ایلیمنیٹر میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔