نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی سر کرلی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کو سر کرکے نیا سنگ میل عبور کرلیا۔
نائلہ کیانی نے گزشتہ شام دنیا کی تیسری بلند ترین چوٹی کنچن جونگا پر کیمپ فور سے سفر شروع کیا تھا اور گزشتہ صبح 6 بجے ٹاپ پر پہنچیں، انہوں نے 8586 میٹر بلند چوٹی پر پاکستان کا پرچم بلند کرلیا۔ کنچن جونگا چوٹی بھارت اور نیپال کی سرحد پر واقع ہے اور یہ بھارت میں بلند ترین چوٹی ہے ۔نئے سنگ میل کو عبور کرنے کے بعد نائلہ کیانی کا کہنا تھا کہ اس کارنامہ پر فخر ہے لیکن میرا سفر ابھی ختم نہیں ہوا اور کنچن جونگا سر کرنا میرے لیے ایک ذاتی کارنامہ نہیں۔نائلہ کیانی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تمام خواتین کیلئے ایک پیغام ہے ، خواتین کو بتانا چاہتی ہوں کہ وہ اپنی سوچ سے بھی زیادہ مضبوط ہیں۔کنچن جونگا کے ساتھ نائلہ کیانی نے 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرلی ہیں اور نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 12 چوٹیاں سر کرنے والی پاکستان کی پہلی اور واحد خاتون ہیں جن کی نظریں اب 8 ہزار میٹر سے بلند تمام چوٹیاں سر کرنے پر مرکوز ہیں۔