ویمنز ایشین کپ کوالیفائنگ،قومی ویمنز فٹبال ٹیم کا اعلان

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال فیڈریشن نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ 2026 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے قومی ویمنز فٹبال ٹیم کے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے ۔
یہ کوالیفائرز 29 جون سے 5 جولائی تک جکارتہ، انڈونیشیا میں کھیلا جائے گا۔پاکستان ویمنز کو گروپ ای میں رکھا گیا ہے جس میں چائنیز تائی پے ، میزبان انڈونیشیا اور کرغزستان شامل ہیں۔ پی ایف ایف کی جانب سے اعلان کردہ سکواڈ میں جنہ فاروقی، نشا اشرف، زینہ جیو را، عالیہ صادق، لیلہ بنارس، ماریہ خان، نزالیہ صدیقی، صوفیہ قریشی، آمنہ حنیف، عزوہ چوہدری، مارشا ملک، رامین فرید، ثناء مہدی، سوہا ہیرانی، انمول حرا، اقصیٰ مشتاق، اسرا خان، مریم محمود، نادیہ خان، زہمینہ ملک اور زلفیہ نذیر شامل ہیں۔ قومی خواتین ٹیم اپنا پہلا میچ 29 جون کو چائنیز تائی پے کے خلاف کھیلے گی۔دوسرا مقابلہ 2 جولائی کو انڈونیشیا جبکہ آخری گروپ میچ 5 جولائی کو کرغزستان کے خلاف ہو گا۔ ان میچوں کی تیاری کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 19 جون سے جناح سٹیڈیم، اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ کیمپ کی نگرانی ہیڈ کوچ عدیل رزقی کریں گے ،فیڈریشن کا کہنا ہے کہ منتخب اسکواڈ میں تجربہ کار اور نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کا امتزاج شامل ہے جو ٹیم کو بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر کارکردگی دکھانے میں مدد دے گا۔