واجبات کی عدم ادائیگی،قومی ہاکی پلیئرز کے صبر کا پیمانہ لبریز

واجبات کی عدم ادائیگی،قومی ہاکی پلیئرز کے صبر کا پیمانہ لبریز

لاہور(سپورٹس ڈیسک)واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ اور حنان شاہد نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مینجمنٹ کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ فیڈیشن کھلاڑیوں سے مسلسل جھوٹ بول رہی ہے۔

 وعدے کے باوجود ہمیں ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام نے ہاکی پلیئرز کے ساتھ جو زیادتیاں کی ہیں وہ سب سامنے لے کر آئیں گے ۔ فیڈریشن کے اعلیٰ حکام ماہانہ 10،10 لاکھ روپے تنخواہیں لے رہے ہیں، اُن سب لوگوں کے گھر چل رہے ہیں اس لیے انہیں شرم نہیں آتی، مر کون رہا ہے ؟ وہ کھلاڑی، جو اس کھیل کے لیے اپنا خون پسینہ ایک کر دیتے ہیں۔عماد بٹ کا کہنا تھا کہ اب ہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کسی دھوکے میں نہیں آئیں گے ، پانی سر سے گزر گیا، لوگوں سے بہت جھوٹ بول لیا ہے ، آئندہ کوئی جھوٹ نہیں بولا جائے گا۔ ایک ماہ سے زیادہ وقت گزر گیا لیکن ہمیں صرف اُمیدیں دلائی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سر پر رہوں گا، ٹیم میں کھیلوں یا نہیں یہ اللہ کی ذات کو معلوم ہے ، پی ایچ ایف کی ایک ایک چیز سامنے لے کر آؤں گا، کوچز اور مینجمنٹ سے درخواست کرتا ہوں کہ ہمیں نہ روکا جائے ، میری جنگ صرف اپنے کھلاڑیوں کیلئے ہے ۔اس موقع پر قومی ہاکی پلیئر حنان شاہد نے سوال اُٹھایا کہ جن پلیئرز کو معاوضے نہیں مل رہے وہ اپنی ٹریننگ کیسے جاری رکھیں گے ،ہم نے کسی اضافی چیز کا مطالبہ نہیں کیا، صرف اپنا حق مانگا ہے ، مشکل وقت میں پی ایچ ایف کے تعاون کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں