ٹیسٹ رینکنگ،ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی شامل نہیں

ٹیسٹ رینکنگ،ٹاپ 10 میں کوئی پاکستانی شامل نہیں

دبئی(سپورٹس ڈیسک)آئی سی سی نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی جس میں انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ ٹاپ 10 بیٹرز میں کوئی پاکستانی بلے باز شامل نہیں۔

بلے بازوں کی تازہ ترین رینکنگ کے مطابق جو روٹ نے پہلی پوزیشن اپنے ہم وطن کھلاڑی ہیری بروک سے چھینی ہے ، جو ایک ہفتہ قبل اپنی کارکردگی کے باعث پہلے نمبر پر آگئے تھے ۔ہیری بروک تیسرے نمبر پر چلے گئے جبکہ نیوزی لینڈ کے بلے باز کین ولیمسن دوسرے نمبر پر آگئے ۔ دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان شبمن گل لارڈ ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ، جس کے سبب وہ چھٹے سے 9ویں نمبر پر چلے گئے جبکہ انکے ہم وطن کھلاڑی ریشبھ پنت تنزلی کے بعد 8ویں نمبر پر پہنچ گئے ۔آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ چوتھی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ بھارتی اوپنر جیسوال تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ۔ بھارت کے رویندرا جدیجا اور کے ایل راہول کی ریکنگ میں بہتری آئی ہے ۔بولنگ کے شعبے میں بھارت کے جسپریت بمراہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ آسٹریلوی بولر سکاٹ بولینڈ چھٹے نمبر پر آگئے ۔ویسٹ انڈیز کے خلاف بہترین بولنگ کی بدولت آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک رینکنگ میں 10واں نمبر برقرار رکھ پائے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں