کل شکاگو میراتھون ، 24 سے زائد پاکستانی رنر بھی شامل
رنرفیصل شفیع نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فنڈز جمع کرنے کو ہدف بنالیا
شکاگو (سپورٹس ڈیسک )شکاگو میراتھون کل ہوگی جس میں دنیا بھر کے 53 ہزار رنرز ایکشن میں ہوں گے ، ان میں دو درجن سے زائد پاکستانی رنر بھی شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف شہروں سمیت امریکا، ناروے ، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے بھی شکاگو کا رخ کریں گے ۔پاکستانی دستے میں نمایاں نام معروف میراتھون رنر فصیل شفیع کا ہے جو دوسری مرتبہ شکاگو میراتھون دوڑیں گے ، وہ اس بار ایک اہم مقصد لئے اس دوڑ میں شریک ہوں گے ۔ 43 سالہ فصیل شفیع بین الاقوامی سطح پر گنیز ریکارڈز کے حامل بھی ہیں اور اس بار شکاگو میراتھون کے ذریعے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے 50 لاکھ روپے جمع کرنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
یہ فنڈز اقوامِ متحدہ کے ریلیف پروگرام کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ شکاگو میراتھون دنیا کی سات نمایاں ورلڈ میراتھون میجرز میں سے ایک ہے جو اپنے ہموار، تیز اور خوبصورت راستے کے باعث شہرت رکھتی ہے ۔ 1977 میں پہلی بار ہونے والی یہ میراتھون آج دنیا کی مقبول ترین ریسز میں سے ایک ہے جس میں ہزاروں رنرز حصہ لیتے ہیں۔ اس کا آغاز اور اختتام گرانٹ پارک میں ہوتا ہے جبکہ اسکا روٹ شکاگو کے 29 علاقوں سے گزرتا ہے جن میں لنکن پارک، چائنا ٹاؤن، وِرِگلی وِل اور دی لوپ جیسے اہم مقامات شامل ہیں۔