32 کھیلوں کے مقابلے ،کراچی میں نیشنل گیمز کا افتتاح

 32 کھیلوں کے مقابلے ،کراچی میں نیشنل گیمز کا افتتاح

ایتھلیٹ ارشد ندیم نے سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین کیساتھ مشعل روشن کی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)18 برس کے بعد سندھ کی میزبانی میں ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب ہفتہ کو نیشنل سٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔تقریب میں بلاول بھٹو زرداری مہمان خصوصی تھے ،تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری صوبائی وزرا، اعلیٰ حکام کھلاڑی،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدے دار بھی شریک ہوئے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ 18 سال کے بعد سندھ کو نیشنل گیمز کی میزبانی ملنا ایک اعزاز ہے ، گیمز میں ملک بھر سے نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں، یہ قومی یکجہتی کا بہترین مظاہرہ ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید نے اولمپک تحریک کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں پیرس اولمپک کے گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم نے سابق ہاکی کپتان اولمپین اصلاح الدین اور دیگر کے ہمراہ تالیوں کی گونج میں اولمپک مشعل روشن کی۔تقریب میں مختلف نمائشی کھیلوں کے مقابلے پیش کیے گئے ،واضح رہے کہ نیشنل گیمز میں کراچی کے 26 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلوں میں14 دستوں کے 11 ہزار کے لگ بھگ کھلاڑی آفیشلز اور مہمان شریک ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں