پاکستان کے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع :عثمان خان
دمبولا میں کھیلنا ہمیں ورلڈ کپ سے قبل پچز کو سمجھنے کا اچھا موقع دیگا،قومی کرکٹر
ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان نے کہا ہے کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی زیرِ نگرانی شاندار تیاری کی بدولت پاکستان کے پاس ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے ۔عثمان خان نے بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کوچ مائیک ہیسن نے ورلڈ کپ سے قبل ہماری بہت اچھی تیاری کروائی ہے۔ ہم اگلے ماہ مزید تیاری کے سلسلے میں سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف میچز کھیلیں گے۔ ٹیم کا کمبی نیشن بہترین ہے اور ہم پراعتماد ہیں۔
بنگلادیش پریمیئر لیگ میں ڈھاکا کیپٹلز کی نمائندگی کرنے والے عثمان خان نے کہا کہ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی زیرِ نگرانی شاندار تیاری کی بدولت پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 جیتنے کا بہترین چانس ہے ۔30 سالہ وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے 7 جنوری سے سری لنکا کے شہر دمبولا میں پاکستان ٹیم کو جوائن کریں گے ۔عثمان خان نے کہا کہ میں پہلی بار سری لنکا جا رہا ہوں۔ دمبولا میں کھیلنا ہمیں ورلڈ کپ سے قبل پچز کو سمجھنے کا اچھا موقع دے گا۔