پاکستان کا سپن اٹیک بھارتیوں کیلئے دردِ سر بن گیا
پاکستان کے سپنرز بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں ، بھارتی میڈیا
نئی دہلی (سپورٹس ڈیسک)بھارتی میڈیا نے پاکستان کے سپن اٹیک کو ایک مضبوط ہتھیار قرار دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کے سپنرز بھارتی ٹیم کو مشکلات میں ڈال سکتے ہیں اس لیے محتاط رہنا پڑے گا۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ابرار احمد، شاداب خان، محمد نواز، صائم ایوب اور عثمان طارق پاکستان کے سپن اسلحہ خانے میں موجود ہیں اور اگر کولمبو کی کنڈیشنز نے اجازت دی تو اس کو مزید مضبوط بھی کیا جا سکتا ہے ۔نمیبیا کے خلاف میچ میں سپن کو کھیلنے سے تحفظات بڑھ گئے ہیں جب 5 کھلاڑی سپنرز کا شکار بنے۔
جبکہ یو ایس اے کے خلاف میچ میں بھی 3 بھارتی بیٹرز سپنرز کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے ۔بھارتی میڈیا نے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بلاشبہ فیورٹ ہے تاہم بھارتی ٹیم میں چھوٹی دراڑیں ہیں جنہیں بڑے ٹورنامنٹ میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کے خلاف میچ میں یہ چھوٹی دراڑیں بڑی ہو سکتی ہیں۔بھارتی ٹیم کو سپن کو ڈی کوڈ کرنا ہو گا اس سے پہلے کہ پاکستان بھارتی ٹیم پر غلبہ حاصل کر لے کیونکہ پاکستان کے سپنرز مڈل اوورز میں بھارتی بیٹرز کو سلو ڈاؤن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔