منفی ماحول سری لنکا میں کرکٹ کیلئے نقصان دہ :شناکا
ہمارے پاس یہی ایک کھیل،ایسے ماحول میں اسے بچایا نہیں جا سکتا،لنکن قائد
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان داسن شاناکا نے ٹی 20ورلڈ کپ 2026ء سے باہر ہونے کے بعد اپنی حکومت سے ایک خصوصی اپیل کی ہے ۔ داسن شناکا کا کہنا ہے کہ بطور کھلاڑی، ہمارے لیے باہر کے شور کو کنٹرول کرنا بہت مشکل ہے ، لہٰذا زیادہ تر ہم منفی باتیں ہی سنتے ہیں تو اس طرح کی صورتِ حال میں اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ ہم بطور کھلاڑی کتنی مثبت سوچ رکھتے ہیں کیونکہ ہمارے ارد گرد کے ماحول کو منفی بنایا جاتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ منفی ماحول سری لنکا میں کرکٹ کیلئے نقصان دہ ہے ، ہمارے پاس صرف یہی ایک کھیل ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ اس طرح کے ماحول میں اسے بچایا جا سکتا ہے۔
سری لنکن کپتان نے کہا کہ اس طرح منفیت کیوں پھیلائی جا رہی ہے ؟ ٹھیک ہے ہم ورلڈ کپ ہار گئے ہیں، ہم وجوہات جانتے ہیں، ہم سب کے خدشات ہیں۔اُنہوں نے اپنی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ہم کھیلیں گے اور چلے جائیں گے لیکن کم از کم نئے آنے والے کھلاڑیوں کے لیے اگر حکومت اپنی مداخلت کر کے اس منفی ماحول پر قابو پا سکے تو مجھے یقین ہے کہ یہ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں بہت مددگار ثابت ہو گا۔