نیشنل ٹی ٹونٹی کپ:ایبٹ آباد اور ملتان نے میچز جیت لیے
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ:ایبٹ آباد اور ملتان نے میچز جیت لیے ایبٹ آباد نے دوسری بار 200 سے زائد رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا
راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے چوتھے روز گروپ بی میں ایبٹ آباد اور ملتان ریجن نے اپنے میچز جیت لیے ، ایبٹ آباد نے لگاتار دوسری بار 200 سے زائد رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا۔ ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر کراچی بلوز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جنہوں نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے ، جواب میں ایبٹ آباد کی پہلی وکٹ 18رنز پر گرنے کے بعد کامران غلام اور شاہ زیب خان نے 115 رنز کی برق رفتار شراکت سے میچ کا پانسہ پلٹ دیا، خوشدل شاہ کی 38 رنز کی اننگز نے بھی ایبٹ آباد کو 202 رنز کا ہدف 16 اعشاریہ چار اوورز میں حاصل کرنے میں مدد کی۔ دوسرے میچ میں ملتان نے دفاعی چیمپئن لاہور بلوز کو سخت مقابلے کے بعد تین رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی فتح حاصل کی، ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچویں نمبر کے بلے باز محمد شہزاد کی نصف سنچری اور لوئر آرڈر کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے ۔ جواب میں لاہور بلوز کے اوپننگ بلے باز عمر صدیق نے 51 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت کے نزدیک کیا مگر وہ انیسویں اوور میں آئوٹ ہوگئے ، علی رزاق نے بھی 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور ٹیم کو امید دلائی مگر پلیئر آف دی میچ عامر یامین کا شکار بن گئے ۔