آئی پی ایل چھوڑنے کا فیصلہ کم معاوضے پرکیا:زمپا
آئی پی ایل چھوڑنے کا فیصلہ کم معاوضے پرکیا:زمپا بہت وقت دینا پڑتا ہے لیکن مقابلے میں معاوضہ مناسب نہیں، سپنر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)کراچی کنگز کے سپنر ایڈم زمپا نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے انڈین پریمیئر لیگ چھوڑنے کا فیصلہ دلچسپی کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ کم معاوضے کی وجہ سے کیا، فرنچائزز کی طرف سے زیادہ توجہ بھی نہیں مل رہی تھی۔ایک انٹرویو میں آسٹریلوی لیگ سپنر نے بتایا کہ آئی پی ایل میں ان جیسے کھلاڑیوں کو اتنی رقم نہیں ملتی جتنی دیگر مہارت رکھنے والوں کو دی جاتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ لیگ میں کھیلنے کے لیے بہت وقت دینا پڑتا ہے لیکن اس کے مقابلے میں معاوضہ مناسب نہیں، اس لیے وہاں کھیلنا ان کے لیے فائدہ مند نہیں تھا۔زمپا نے کہا کہ وہ اصل میں کرکٹ سے کچھ عرصہ وقفہ لینا چاہتے تھے ، مگر اچانک انھیں پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کا موقع مل گیا۔ وہ چند ہفتے پہلے کراچی کنگز میں شامل ہوئے اور اب ٹورنامنٹ سے لطف اٹھا رہے ہیں، ان کے مطابق سب کچھ بہت جلدی ہوالیکن تجربہ اچھا جا رہا ہے ۔