50 سال بعد انسانوں کی چاند کے قریب واپسی، ناسا کا آرٹیمس 2 راکٹ تاریخی مشن پر روانہ

فلوریڈا: (دنیا نیوز) ناسا کا آرٹیمس 2 راکٹ امریکی ریاست فلوریڈا سے تاریخی مشن پر روانہ ہوگیا، یہ مشن 50 سال بعد انسانوں کو دوبارہ چاند کے قریب لے جائے گا۔

4 خلا بازوں پر مشتمل عملہ 10 روزہ مشن میں تقریباً 6 لاکھ 85 ہزار میل کا سفر طے کرتے ہوئے چاند کے گرد چکر لگائے گا اور پھر زمین پر واپس آئے گا۔

یہ مشن چاند پر لینڈنگ نہیں کرے گا، مشن کی نمائندگی کرسٹینا کوچ (پہلی خاتون)، وکٹر گلوور (پہلے سیاہ فام) خلا باز اور جیریمی ہینسن (پہلے غیر امریکی) ہوں گے جو ڈیپ سپیس کا سفر کریں گے۔

واضح رہے کہ آرٹیمس 2 مشن کو انسانی خلائی تحقیق کے میدان میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہ، کیونکہ اس سے قبل آخری مرتبہ 1972ء میں اپالو مشن کے ذریعے انسان چاند تک پہنچا تھا، اس نئے مشن کا مقصد ناصرف خلا بازوں کو چاند کے مدار تک لے جانا ہے بلکہ مستقبل میں چاند پر انسانی قیام کی راہ بھی ہموار کرنا ہے۔

مشن میں شامل چاروں خلا باز چاند کے گرد چکر لگائیں گے اور مختلف سائنسی مشاہدات کریں گے، اس دوران جدید ٹیکنالوجی اور خلائی آلات کا بھی تجربہ کیا جائے گا، جو آنے والے آرٹیمس 3 مشن کے لیے بنیاد فراہم کریں گے، آرٹیمس 3 کے تحت انسان کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ناسا حکام کے مطابق یہ مشن ناصرف امریکا بلکہ پوری دنیا کے لئے اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ اس سے خلائی تحقیق کے نئے دروازے کھلیں گے اور مستقبل میں مریخ سمیت دیگر سیاروں تک رسائی کے امکانات بھی بڑھیں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیمس پروگرام انسانیت کے لئے ایک نئے خلائی دور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے چاند کو ایک مستقل تحقیقاتی مرکز کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں