آسٹریلوی مینز بدستور ٹیسٹ، ویمنز ون ڈے میں سر فہرست
آسٹریلوی مینز بدستور ٹیسٹ، ویمنز ون ڈے میں سر فہرست قومی ٹیم ٹیسٹ میں چھٹے نمبر پر آ گئی ، خواتین کاون ڈے میں آٹھواں نمبر
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آئی سی سی نے سالانہ رینکنگ جاری کردی، آسٹریلیا مینز کی ٹیسٹ اور ویمنز ون ڈے کی پہلی پوزیشن برقرار ہے ۔سالانہ اپ ڈیٹ میں مئی 2025 سے اب تک کے میچز کو مکمل (100 فیصد) جبکہ اس سے پہلے کے دو سال کے نتائج کو 50 فیصد وزن دیا گیا ہے ۔مردوں کی ٹیسٹ رینکنگ میں آسٹریلیا 131 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے ، جبکہ جنوبی افریقہ 119 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ،بھارت ایک درجہ ترقی پا کر تیسرے نمبر (104)جبکہ انگلینڈ 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر چلا گیا۔
پاکستان نے بھی فائدہ اٹھاتے ہوئے 89 پوائنٹس کے ساتھ ایک درجہ ترقی حاصل کی، قومی ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں 7ویں سے چھٹے نمبر پر آ گئی، سات پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔ سری لنکا کا ٹیسٹ رینکنگ میں 7واں، ویسٹ انڈیز کا 8واں، بنگلہ دیش کا 9واں اور زمبابوے کا 11ویں سے 10واں نمبر ہے ۔ٹاپ 10 میں آئرلینڈ مطلوبہ میچز نہ کھیلنے کے باعث رینکنگ سے باہر ہو گیا ۔ آئرلینڈ اور افغانستان کو دوبارہ شامل ہونے کیلئے آئندہ سال میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا ہونگے ۔ دریں اثناخواتین کی ون ڈے رینکنگ میں بھی آسٹریلیا 163 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے ،انگلینڈ 128 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے ۔بھارت ویمن تیسرا، ساؤتھ افریقہ ویمن چوتھا، نیوزی لینڈ کا 5واں اور سری لنکا کا چھٹا نمبر برقرار ہے ۔ بنگلہ دیش ویمنز ٹیم 73 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر اور پاکستان 72 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر چلا گیا۔