پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور ذربائیجان کیساتھ سٹریٹجک مذاکرات
لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ۔وینکوور میں فیفا کانگریس کے تناظر میں اپنی بین الاقوامی سرگرمیوں کو تیز کرتے ہوئے انڈونیشیا، ترکیہ، آسٹریلیا اور آذربائیجان کے ساتھ اعلی سطح کے دوطرفہ مذاکرات کئے ہیں۔
ان ملاقاتوں کا مقصد عالمی شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں فٹبال کے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے ۔ پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی اور انڈونیشین فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ایرک تھوہر کے درمیان 'یوتھ ڈویلپمنٹ'اور تبادلے کے پروگراموں پر بات چیت ہوئی۔ اس کا مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈونیشیا کے وسیع گراس روٹ سسٹم تک رسائی دینا ہے ۔ ترک فیڈریشن کے سربراہ ابراہیم ایتھم کے ساتھ ملاقات میں کوچز کی تربیت، ریفریز کی ترقی اور تکنیکی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ پاکستان کی تکنیکی بنیاد کو مضبوط کیا جا سکے ۔ فٹبال آسٹریلیا کے نمائندے اسحاق اینٹلر کے ساتھ مذاکرات میں ہائی پرفارمنس ٹریننگ ماڈلز اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے پائیدار فریم ورک کی تیاری پر تبادلہ خیال ہوا۔