پاک زمبابوے ویمن ٹیموں کے درمیان پہلاون ڈے آج
میچ دوپہرساڑھے 3بجے شروع ہوگا،دونوں کپتان سیریز جیتنے کیلئے پرعزم وائٹ بال سیریز کیلئے براڈکاسٹ اور کمنٹری پینل کی تفصیلات بھی جاری
لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز آج سے شروع ہوگی ،سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ، جہاں پہلا مقابلہ آج دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا ۔ دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کی کپتانوں نے سیریز میں اچھی پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ زمبابوے ویمن ٹیم کے خلاف سیریز اچھی ہوگی۔ ہوم سیریز میں نئی کھلاڑیوں کو موقع دیں گے ، ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کرینگے ۔ ڈاٹ بال کی خامی کو کافی حد تک کم کیا ہے ، بڑی خواہش ہے کہ پاکستان میں ویمن لیگ ہو جبکہ زمبابوے ویمن ٹیم کی کپتان میری اینی موسونڈا نے کہاکہ پاکستان آ کر اچھا لگا۔ یہاں گرمی ہے تاہم ہماری ون ڈے سیریز کی پریکٹس اچھی ہو رہی ہے پاکستانی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے ، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کرینگے ۔دریں اثنا پاک زمبابوے ویمنز کے درمیان ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے براڈکاسٹ اور کمنٹری پینل کی تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔یہ سیریز آج سے 15 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلی جائے گی،جس میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور تین ٹی ٹونٹی ا میچز شامل ہیں۔ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ2025-29 کا حصہ ہونگے ۔سیریز کے لیے پانچ رکنی کمنٹری پینل میں سابق زمبابوین ٹیسٹ کرکٹر ٹینوٹینڈا ماویو شامل ہونگے جبکہ ان کے ساتھ سابق پاکستانی ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ،علی یونس اور سابق خواتین انٹرنیشنل کرکٹرز ایمن انور اور کائنات امتیاز بھی کمنٹری کریں گی۔